حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ نظام مرجعیت اور ولایت فقیہ ہماری اساس ہے۔ عصر غیبت کبریٰ میں میں فاسق و فاجر طاغوتی حکمرانوں کی بجائے آئمہ اہل بیت نے ہمیں عادل فقیہ کی سرپرستی میں زندگی گزارنے کا کا حکم دیا ہے۔ اسی کا نام ولایت فقیہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ولایت فقیہ نظام ولایت و امامت کا تسلسل ہے اور فقیہ عادل مجتہد جامع الشرائط امام عصر علیہ السلام کے نائب کی حیثیت سے امت کا رہبر اور پیشوا ہے۔ عصر حاضر میں نظام ولایت فقیہ کے باعث دین اسلام کو اور مکتب اہل بیت کو جو عزت و سربلندی حاصل ہوئی ہے اس پر دنیا انگشت بدنداں ہے جبکہ اسلام اور انقلاب اسلامی کے روز افزوں اقتدار سے عالمی استکباری نظام خائف ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اسرائیل اور عالمی استکباری قوتوں کو انقلاب اسلامی نے جو عبرتناک شکست دی ہے اس کا بدلہ لینے کے لئے سامراجی قوتیں انقلاب اسلامی اور نظام ولایت کے خلاف ہمیشہ سازشوں میں مصروف رہی ہیں۔ ایم آئی سکس کے ایجنٹوں کی طرف سے مرجعیت اور نظام ولایت فقیہ کے خلاف ہرزہ سرائی اسی شیطانی منصوبے کا حصہ ہے۔
انہوں نے شورکوٹ میں تکفیری دہشت گردوں کے ہاتھوں دن دہاڑے بھرے مجمع میں شہید تقی عباس شاہ کے قتل کو المیہ قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ تکفیری گروہ کی شرانگیزی کو روکے۔ شیعہ نسل کشی کرنے والے ملک و ملت کے دشمن ہیں جن کے خلاف ریاستی اداروں کو سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔